ستمبر میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ جڑواں شہروں اور پوٹھوہار میں آئندہ 3 سے 4 روز کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود ہے اور آج گرج چمک کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے۔
کراچی میں آج چند مقامات پر بوندا باندی کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، کشمیر اور شمالی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بارشوں کے باعث فلیش فلڈنگ کا خطرہ برقرار ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی، جس سے شہر کے کئی علاقوں میں جل تھل ایک ہوگیا۔ کوئنز روڈ، باغ جناح اور دیگر علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ لاہور میں آج بارش کا امکان 20 فیصد تک ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بادلوں کی آمد کے باعث موسم جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز بارش کے بعد تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ راولپنڈی انتظامیہ نے شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے امدادی اور خدماتی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
واسا حکام کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 3 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے نشیبی علاقوں میں عملہ اور ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی ہے۔






