شانگلہ(آئی این پی)شانگلہ میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، ریسکیو 1122 نے عوام کو خوڑوں، ندی نالوں اور دیگر آبی گزرگاہوں سے دور رہنے کا انتباہ کیا ہے۔ شانگلہ کے مختلف علاقوں بالخصوص الپوری میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث خوڑوں، ندی نالوں اور دیگر آبی گزرگاہوں کے قریب رہائش پذیر شہریوں کو ممکنہ خطرات کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ریسکیو 1122 شانگلہ نے عوامی آگاہی پیغام میں شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے خوڑوں اور ندی نالوں کے کنارے جانے سے مکمل گریز کریں۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ممکنہ خطرات کے پیش نظر شانگلہ کے مختلف حساس مقامات پر ہائی الرٹ ہیں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے آگاہی مہم بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق پورن، بشام، الپوری، چکیسر اور مارتونگ کے حساس مقامات پر امدادی ٹیمیں تعینات ہیں جو صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور شہریوں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کیلئے آگاہی فراہم کر رہی ہیں۔
ریسکیو حکام نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر پانی کے قریب جانے، خوڑوں اور ندی نالوں کو عبور کرنے کی کوشش سے گریز کریں، بچوں کو آبی گزرگاہوں سے دور رکھیں اور ضلعی انتظامیہ و ریسکیو 1122 کی ہدایات پر عمل کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کیا جائے۔






