کراچی (آئی این پی) گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول وحید آباد گولیمار میں یوم آزادی کی مناسبت سے طلباء کے لیے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسکول کے طلباء، والدین، اساتذہ اور علاقے کے معززین نے شرکت کی۔ تقریب میں طلباء نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلوز پیش کرکے وطن عزیز سے محبت اور عقیدت کا اظہار کیا، جبکہ حاضرین نے کم سن طلباء کی شاندار پرفارمنس کو دل کھول کر سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہیڈ پرنسپل پرویز علی نے کہا کہ طلباء ملک و قوم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور آج کے یہی طالب علم مستقبل میں ملک کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔ اگر ہم پاکستان کو پڑھی لکھی، باشعور اور ذمہ دار قیادت دینا چاہتے ہیں تو طلباء کو صرف نصابی تعلیم تک محدود نہیں رکھنا ہوگا بلکہ انہیں شعور، فکر، کردار اور قومی ذمہ داریوں سے بھی روشناس کرانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا اصل مقصد صرف ڈگری کا حصول نہیں بلکہ ایک ایسا باشعور اور باکردار انسان تیار کرنا ہے جو اپنے ملک، معاشرے اور قوم کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ یوم آزادی ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں، جدوجہد اور پاکستان کے حصول کے مقصد کو یاد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ نئی نسل کو یہ بتانا ضروری ہے کہ پاکستان ایک عظیم جدوجہد اور بے شمار قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا، اس لیے وطن عزیز کی قدر کرنا اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے کردار ادا کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر سینئر ایڈمن انچارج محمد علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اپنے طالب علموں کو تعلیم کے ساتھ ایک اچھا انسان بننے کی ترغیب بھی دینی چاہیے تاکہ وہ شعور اور احساس ذمہ داری کے ساتھ معاشرے کی فلاح و ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن سے محبت صرف نعروں تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس کا عملی اظہار قانون کی پاسداری، محنت، دیانت داری، نظم و ضبط اور ملک کی حفاظت و ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کرنے سے ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکول طلباء کی شخصیت سازی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ نئی نسل کو علم کے ساتھ اخلاق، برداشت، احترام، نظم و ضبط اور حب الوطنی کا درس بھی دیں۔ ایسے ہی طلباء آگے چل کر معاشرے کے ذمہ دار شہری اور ملک کے مفید افراد ثابت ہوسکتے ہیں۔
تقریب میں اسکول کے پرائمری اور سیکنڈری سیکشن کے طلباء نے یوم آزادی کے موضوع پر تقاریر، ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے۔ طلباء کی جانب سے پاکستان سے محبت، قومی یکجہتی اور وطن عزیز کی ترقی کے عزم پر مبنی پروگرامز نے تقریب میں موجود شرکاء کو خوب متاثر کیا اور طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے بھرپور داد دی گئی۔
والدین اور علاقے کے معززین نے بھی اسکول انتظامیہ کی جانب سے یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات طلباء میں حب الوطنی، قومی شعور اور اپنی ذمہ داریوں کا احساس پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے طلباء کی تعلیمی و اخلاقی تربیت کے لیے اساتذہ کی کاوشوں کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شرکاء کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی اہتمام کیا گیا۔






