پشاور: خیبرپختونخوا میں متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کے خطرات سے خبردار کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن سمیت شمالی اضلاع میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بالائی علاقوں میں داخل ہوگا۔ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مرطوب ہوائیں بھی اس موسمی نظام کا حصہ ہوں گی، جس کے باعث یکم جولائی سے بارشوں کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ بلند درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے سے شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے اور اچانک سیلاب کے خطرات مزید بڑھ گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ایمرجنسی آپریشن سینٹرز 24 گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ساتھ ہی حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی، ریسکیو مشینری، بھاری آلات، ڈی واٹرنگ پمپس، کشتیاں اور امدادی سامان پیشگی تیار رکھنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
اعلامیے میں سڑکوں، پلوں، دریاؤں اور ندی نالوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






