این ڈی ایم اے نے آج سے تین جولائی تک وقفے وقفے سے پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور متوقع پری مون سون بارشوں کے باعث شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ہے۔
گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں دریاؤں اورندی نالوں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہوسکتی ہے، جبکہ گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔
ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر، گانچھے، کھرمنگ، استور، دیامر، اپر و لوئر چترال اور سوات سمیت حساس علاقوں کے رہائشیوں، سیاحوں اورمسافروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اےکا کہنا ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیائی جھیلوں اوردریا کناروں کے قریب غیر ضروری نقل وحرکت سے گریز کیا جائے، جبکہ کسی بھی غیرمعمولی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ انتظامیہ کودی جائے۔
صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹیزکو بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






