خبردار !!! شدید گرم موسم ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق درجہ حرارت میں مسلسل اضافے اور شدید گرم موسم کے باعث گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس سے گلیشیائی جھیلوں کے اچانک پھٹنے اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اتھارٹی نے اپر و لوئر چترال، سوات، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

حساس گلیشیائی علاقوں میں مسلسل نگرانی، ممکنہ خطرات کا بروقت جائزہ لینے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر امدادی اداروں کو ہنگامی مشینری، ضروری سامان اور عملہ ہر وقت تیار رکھنے کا بھی حکم دیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کی جا سکیں۔

عوام، خصوصاً بالائی علاقوں کے رہائشیوں اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی صورتحال پر نظر رکھیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close