پاکستان کی ریاض کے شاہ خالد ایئرپورٹ پر حوثی حملے کی شدید مذمت، سعودی عرب سے یکجہتی کا اظہار

پاکستان نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایئرپورٹ پر حملے کے نتیجے میں جانی نقصان اور افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات پر پاکستان کو گہری تشویش ہے۔ پاکستان نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ نے شہری آبادی اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے حوثی حملوں کی مذمت اور انہیں فوری طور پر بند کرانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور استحکام کی حمایت کرتا ہے۔ پاکستان نے سعودی عرب کے دفاع اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے حق کی بھی توثیق کی ہے۔