پاکستان میں ڈیجیٹل صارفین کی تعداد کتنی ہے؟ وفاقی وزیر نے بتا دیا

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل صارفین کی تعداد 15 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ ملک میں ڈیجیٹل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

چین کے شہر ارومچی میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) ڈیجیٹل فورم سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے پاکستان میں ڈیجیٹل شعبے کی ترقی سے متعلق اعداد و شمار پیش کیے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو سال کے دوران پاکستان میں ڈیٹا کے استعمال میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ فائبر کنکشنز کی تعداد 30 لاکھ سے بڑھ کر 50 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ موبائل انٹرنیٹ کے استعمال میں صنفی فرق نمایاں طور پر کم ہوا ہے اور 35 فیصد سے کم ہوکر 8 فیصد رہ گیا ہے۔ خواتین میں موبائل انٹرنیٹ کے استعمال کی شرح بھی 33 فیصد سے بڑھ کر 45 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

احسن اقبال کے مطابق پاکستان کی آئی ٹی برآمدات ریکارڈ 4.6 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کا اگلا ہدف ٹیکنالوجی مصنوعات اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے فروغ پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔

سی پیک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پانچ اہم شعبوں پر مرکوز ہے۔ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے لیے ڈیجیٹل شعبے میں چار ترجیحی اقدامات تجویز کرتے ہوئے ایس سی او کی سطح پر مشترکہ ’ڈیجیٹل تجارتی راہداری‘ قائم کرنے پر زور دیا۔