سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اہل خواتین میں پنک اسکوٹیز جلد تقسیم کی جائیں گی، جبکہ صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید وسعت دینے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
شرجیل میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اجلاس ہوا، جس میں جاری منصوبوں، نئے روٹس اور شہریوں کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں لاڑکانہ سے قمبر اور شہدادکوٹ کے لیے پیپلز بس سروس کا نیا روٹ 18 ستمبر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ نئے روٹ سے لاڑکانہ، قمبر، شہدادکوٹ اور گردونواح کے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو جدید، محفوظ اور کم لاگت پبلک ٹرانسپورٹ کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، جبکہ سندھ کے دیگر شہروں اور اضلاع تک بھی پیپلز بس سروس کا دائرہ کار بڑھایا جارہا ہے۔
اجلاس میں گرین لائن اور اورنج لائن بی آر ٹی سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ حکومت کی کوششوں سے گرین لائن کی روزانہ رائیڈرشپ 88 ہزار تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اورنج لائن پر بھی مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور روزانہ 11 ہزار سے زائد افراد سفر کررہے ہیں۔
شرجیل میمن نے میرپورخاص میں خواتین میں پنک اسکوٹیز کی جلد تقسیم یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈبل ڈیکر بسوں اور مزید الیکٹرک وہیکل بسوں کے لیے نئے روٹس سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ نئے روٹس پر بس سروس مقررہ وقت پر شروع کی جائے اور مسافروں کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔






