شدید گرمی سے بچاو کیلئے چین نے منفرد اور کم لاگت والا کولنگ سسٹم متعارف کروا دیا

دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی گرمی اور ہیٹ ویوز کے پیش نظر جہاں زیادہ تر ممالک ایئر کنڈیشنرز پر انحصار کر رہے ہیں، وہیں چین نے گنجان آباد شہری علاقوں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے ایک منفرد اور نسبتاً کم لاگت کا نظام متعارف کرایا ہے، جس نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔

چین کے شمالی صوبے شانشی کے شہر یونچینگ میں بلند رہائشی عمارتوں کی چھتوں پر ’’روف ٹاپ رین‘‘ (Rooftop Rain) نامی کولنگ سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت ہائی پریشر نوزلز کے ذریعے فضا میں پانی کی انتہائی باریک پھوار خارج کی جاتی ہے، جو عمارتوں کے اطراف کا درجہ حرارت تقریباً 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔یہ نظام ایواپوریٹو کولنگ (Evaporative Cooling) کے سائنسی اصول پر کام کرتا ہے۔ پانی کے نہایت باریک قطرے گرم ہوا سے حرارت جذب کرکے فوری طور پر بخارات میں تبدیل ہو جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں اردگرد کا ماحول ٹھنڈا ہو جاتا ہے۔ یہی اصول انسانی جسم میں پسینہ خشک ہونے کے دوران ٹھنڈک پیدا کرنے کا باعث بھی بنتا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق یہ کولنگ سسٹم صرف شدید گرمی کے دوران چلایا جاتا ہے تاکہ پانی کی پھوار زمین تک پہنچنے کے بجائے فضا ہی میں بخارات بن جائے اور نیچے گزرنے والے افراد متاثر نہ ہوں۔

اس منفرد نظام کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یورپ اور امریکہ سمیت مختلف ممالک کے صارفین اس ٹیکنالوجی میں دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں اور سوال اٹھا رہے ہیں کہ کم لاگت والا یہ نظام دنیا کے دیگر گرم علاقوں میں بھی کیوں نہیں اپنایا جا رہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close