وہ ایپ جس نے مقبولیت میں فیس بک، یوٹیوب، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک کو پیچھے چھوڑ دیا
آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی نے دنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔
خیال رہے کہ نومبر 2022 میں متعارف ہونے کے بعد سے کروڑوں افراد چیٹ جی پی ٹی کو استعمال کر چکے ہیں، جبکہ اس کی مقبولیت کے بعد متعدد کمپنیوں نے اے آئی چیٹ بوٹس پر کام تیز کر دیا۔
اب چیٹ جی پی ٹی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد ایک ارب تک پہنچ گئی ہے، یعنی محض 3 سال کے اندر اس اے آئی چیٹ بوٹ نے یہ سنگ میل حاصل کر لیا ہے۔
یہ وہ سنگ میل ہے جو انسٹاگرام، ٹک ٹاک، واٹس ایپ، یوٹیوب اور فیس بک سمیت کوئی بھی مقبول ایپ اتنے کم وقت میں حاصل نہیں کر سکی۔
اس سے قبل یہ اعزاز ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کے پاس تھا جس کے صارفین نے ایک ارب کا ہندسہ 5.1 سال میں عبور کیا تھا، جبکہ انسٹاگرام کو ایسا کرنے میں 7.7 سال، یوٹیوب کو 8.1 جبکہ فیس بک کو 8.7 سال لگے تھے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مئی 2026 میں چیٹ جی پی ٹی صارفین کی تعداد ایک ارب تک پہنچی۔
سنسر ٹاور کے ڈیٹا سے عندیہ ملتا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کے بعد اے آئی چیٹ بوٹ کلاؤڈی تیزی سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے، جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد ابھی 5 کروڑ 60 لاکھ ہے مگر ایک سال کے دوران اس تعداد میں 640 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اسی عرصے میں چیٹ جی پی ٹی کے صارفین میں 62 فیصد اضافہ ہوا۔
مگر چیٹ جی پی ٹی کے نئے سنگ میل سے عندیہ ملتا ہے کہ اے آئی اسسٹنٹس اب روزمرہ استعمال ہونے والے ٹولز کا حصہ بنتے جا رہے ہیں، جنہیں لکھنے، منصوبہ بندی، کوڈنگ اور متعدد دیگر کاموں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






