پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا اسمبلی کے ناراض حکومتی ارکان کو منانے کی تمام کوششیں ناکام

خیبرپختونخوا اسمبلی میں ناراض حکومتی ارکان کو منانے کی تمام تدبیریں ناکام ہو گئی ہیں، جبکہ ناراض ارکان نے صرف بیرسٹر گوہر سے مذاکرات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ناراض ارکان نے آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے پیر کے روز اسمبلی اجلاس سے قبل پشاور میں اجلاس طلب کر لیا ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں ناراض ارکان کو منانے کی تمام کوششیں بے سود ثابت ہوئیں۔ مرکزی اور صوبائی سطح کی شخصیات کی جانب سے کی جانے والی کوششیں بھی ناکام رہیں، تاہم ناراض ارکان اپنے مؤقف پر قائم ہیں کہ وہ کسی کمیٹی یا شخصیت سے ملاقات کی بجائے صرف مرکزی چیئرمین بیرسٹر گوہر سے مذاکرات کریں گے۔

ناراض ارکان میں سے ایک نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ون پوائنٹ ایجنڈا عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاج کی تاریخ کا اعلان ہے۔ ان کے مطابق ورکرز مسلسل سوال کر رہے ہیں کہ تحریک کا اعلان کب کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ عید سے قبل صوبائی اسمبلی میں ہونے والے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اسپیکر نے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ مشاورت کے بعد ان کے تحفظات دور کریں گے، تاہم اس کے بعد کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ ناراض ارکان کے مطابق وزیراعلیٰ ہوں یا کوئی اور شخصیت، وہ کسی سے بات چیت کے لیے تیار نہیں، اور اب صرف بیرسٹر گوہر سے ہی مذاکرات کیے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close