انگلینڈ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کٹس پر تحفظات، سرد موسم میں مشکلات

لندن (آئی این پی) انگلینڈ کے دورے پر موجود قومی کرکٹ ٹیم کے بعض کھلاڑیوں نے ٹیسٹ کٹس کے معیار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں سرد موسم کے لیے غیر موزوں قرار دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں کو فراہم کی گئی ٹیسٹ کٹس انگلینڈ کے سرد موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار نہیں کی گئیں۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ جرسیوں کا کپڑا نسبتاً پتلا ہے، بعض شرٹس کی فٹنگ بہت ٹائٹ ہے جبکہ کچھ کھلاڑیوں کو درست سائز کی کٹس بھی دستیاب نہیں ہوئیں۔

ذرائع کے مطابق لیڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے دوران سرد ہواؤں کے باعث کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث بعض پاکستانی کھلاڑیوں نے میچ کے دوران اونی سویٹرز بھی پہنے۔ اس حوالے سے تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی سامنے آئیں۔

کھلاڑیوں کی جانب سے کٹس کے معیار، فٹنگ اور انگلینڈ کے موسم کے مطابق تیاری پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ہیڈنگلے ٹیسٹ میں پاکستان کو تیسرے دن اننگز اور 103 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 27 اگست سے لارڈز میں کھیلا جائے گا۔

دوسرے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم میں بابر اعظم کی واپسی متوقع ہے، جبکہ محمد رضوان کو آرام دیے جانے اور فاسٹ بولر عبید شاہ کو موقع ملنے کا بھی امکان ہے۔