اے آئی سے دہشتگردوں کو خطرناک ہتھیار بنانے میں مدد ملنے کا خدشہ

واشنگٹن (آئی این پی) مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال سے دہشتگردوں اور غیر تجربہ کار انتہاپسندوں کو خطرناک حیاتیاتی ہتھیار تیار کرنے میں مدد ملنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

غیرملکی رپورٹ کے مطابق ٹیک اگینسٹ ٹیررازم کی حالیہ تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ جدید اوپن ویٹ اے آئی ماڈلز خطرناک حیاتیاتی حملوں سے متعلق معلومات تک رسائی آسان بنا سکتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق ایسے اے آئی ماڈلز جو مقامی طور پر ڈاؤن لوڈ کرکے چلائے جاسکتے ہیں، نگرانی کے لیے بھی چیلنج بن سکتے ہیں کیونکہ ان میں درج کی جانے والی معلومات کمپنی کے سرورز تک نہیں پہنچتیں۔ بعض ماڈلز کی حفاظتی پابندیوں کو کمزور یا ختم کیے جانے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

محققین کے ابتدائی تجربات میں تقریباً ایک تہائی جوابات میں ایسی معلومات فراہم ہونے کا انکشاف ہوا جو کسی بدنیت فرد کی دہشتگرد سرگرمی کی تیاری کی صلاحیت میں اضافہ کرسکتی تھیں۔

رپورٹ میں حساس معلومات اور حیاتیاتی مواد تک رسائی محدود کرنے، مشتبہ سرگرمیوں کی بہتر نشاندہی اور اے آئی کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات اور سخت سزاؤں پر زور دیا گیا ہے۔