تل ابیب (آئی این پی) اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے ان کے دو بیٹوں میں سے ایک کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔
اسرائیلی ٹی وی چینل کو ٹیلی فونک انٹرویو میں نیتن یاہو نے کہا کہ ایرانی حملے کے خدشے کے باعث ان کے خاندان کو سکیورٹی فراہم کرنا کوئی عیاشی نہیں۔ تاہم انہوں نے مبینہ حملے، اس کے وقت یا اپنے کس بیٹے کو ہدف بنائے جانے کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو کا یہ بیان اپنے بیٹوں اور اہلیہ کے لیے سکیورٹی برقرار رکھنے کے فیصلے کے دفاع میں سامنے آیا ہے۔ ایک معاہدے کے تحت انہیں آئندہ کم از کم پانچ سال تک سکیورٹی فراہم کیے جانے کی اطلاعات ہیں، چاہے نیتن یاہو آئندہ انتخابات میں کامیاب نہ ہوں۔
نیتن یاہو کے ایک بیٹے ایونر اسرائیل میں رہتے ہیں جبکہ دوسرے بیٹے یائر نے حالیہ برسوں میں زیادہ تر وقت امریکا میں گزارا ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ مبینہ طور پر کس بیٹے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری شدید کشیدگی کے تناظر میں سامنے آنے والے اس دعوے کی ایرانی حکومت کی جانب سے کوئی تفصیلی ردعمل یا آزادانہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔






