پیرس (آئی این پی) فرانس کی حکومت نے ہائی اسکولوں میں طلبہ کے موبائل فون استعمال پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا، جس کا اطلاق ستمبر سے ہوگا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق صدر ایمانوئل میکرون کی جانب سے موبائل فون پابندی سے متعلق قانون نافذ کرنے کے فیصلے کے بعد نئے تعلیمی سال کے آغاز سے ہائی اسکولوں میں طلبہ کے موبائل فون استعمال پر پابندی ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اقدام کا مقصد طلبہ کو اسکرین کے ضرورت سے زیادہ استعمال سے دور رکھنا اور ان کی تعلیمی و ذہنی نشوونما بہتر بنانا ہے۔
اسکول پرنسپلز کی یونین نے تاہم خبردار کیا ہے کہ پابندی پر فوری عملدرآمد مشکل ہوسکتا ہے، کیونکہ کئی اسکولوں کو تیاری کے لیے مناسب وقت نہیں ملا۔
پابندی پر عملدرآمد کے لیے اسکولوں کو اپنے داخلی قواعد میں ترمیم کرنا ہوگی، جبکہ بعض اداروں میں موبائل فون رکھنے کے لیے لاکرز اور خصوصی پاؤچز کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔
حکومت کے مطابق تعلیمی سرگرمیوں اور اسکول کے ضروری امور کے لیے بعض مخصوص حالات میں موبائل فون کے استعمال کو پابندی سے مستثنیٰ رکھا جائے گا۔






