راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند، سپل ویز کھولنے کا فیصلہ

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی دارالحکومت میں مون سون کی موسلادھار بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے سپل ویز کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751.40 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث سپل ویز آج 26 اگست کو صبح 6 بجے کھولے جائیں گے۔

انتظامیہ نے سپل ویز کھولنے کے دوران ریسکیو 1122، پولیس اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سپل ویز کھولے جانے کے دوران ندی نالوں، برساتی نالوں اور نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔