نئی دہلی (آئی این پی) سابق بھارتی کپتان اور کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کے صدر سارو گنگولی نے مبینہ دھمکی آمیز خطوط موصول ہونے کے بعد پولیس سے رابطہ کرلیا۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق گنگولی کے دفتر کو پیر کے روز مزید دو خطوط موصول ہوئے، جن میں سارو گنگولی اور ان کی اہلیہ ڈونا گنگولی کو جان سے مارنے اور قریبی افراد کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق گنگولی کے نام سے گزشتہ تقریباً چھ ماہ سے دھمکی آمیز خطوط موصول ہو رہے تھے، تاہم ابتدا میں انہیں سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔ تازہ خطوط کے بعد گنگولی کے مینیجر نے جنوبی کولکتہ کے ٹھاکرپکور پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت درج کرائی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور خطوط کے مندرجات، ترسیلی ذرائع اور کورئیر ریکارڈ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خطوط ممکنہ طور پر شمالی 24 پرگنہ کے علاقے بیلگھریا سے کورئیر کے ذریعے بھیجے گئے۔
حکام ایک مشتبہ موبائل نمبر اور سم کارڈ کی نقل و حرکت بھی ٹریس کر رہے ہیں تاکہ دھمکی آمیز خطوط بھیجنے والے شخص تک پہنچا جا سکے۔






