لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اقلیتوں کی آزادی، حقوق اور تحفظ کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کے افکار پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کا پاکستان سب کا وطن ہے، جہاں ہر شہری کو اپنے عقیدے کے مطابق آزادانہ اور محفوظ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔
اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ اقلیتی برادری پاکستان کے معاشرے کا حسن اور سر کا تاج ہے، ان کی عزت، تحفظ، ترقی اور خوشحالی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتی برادری کو تعلیم، صحت، روزگار اور فلاح و بہبود کے مساوی مواقع فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پنجاب میں پہلی بار اقلیتی برادری کے لیے اقلیتی کارڈ متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے مستحق اقلیتی خاندانوں کو سہ ماہی ساڑھے 10 ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کو سکھ شادی قانون 2024 منظور کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا، جس کے بعد آنند کارج کو قانونی حیثیت حاصل ہوگئی ہے، جبکہ طویل عرصے سے زیر التوا ہندو شادی قانون 2017 کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اقلیتی طلبا کے لیے وظائف، تعلیم اور روزگار کے مواقع بڑھائے جا رہے ہیں جبکہ اقلیتی برادری کے مذہبی تہواروں کے لیے سرکاری سطح پر خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔ بیساکھی، ہولی، دیوالی، کرسمس اور ایسٹر بھی بھرپور انداز میں منائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تاریخی گردواروں، گرجا گھروں اور مندروں کی تعمیر و بحالی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ اقلیتی کوٹے پر بھی من و عن عمل کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کی محافظ ہی نہیں بلکہ انہیں ہر شعبے میں ان کا جائز حصہ دینے کے لیے بھی پرعزم ہے۔ پنجاب تیزی سے ایسے معاشرے کی طرف بڑھ رہا ہے جہاں محبت، رواداری اور باہمی احترام اس کی پہچان بنیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کے دلکش رنگ ہیں اور ان رنگوں کو کبھی ماند نہیں پڑنے دیا جائے گا۔






