عمران خان سے ملاقات کرادی جائے تو کوئی سیاسی بات نہیں کریں گے، علیمہ خان

راولپنڈی (آئی این پی) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان سے ملاقات کے معاملے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے، وہ اور ان کی بہنیں ملاقات کے بعد کبھی سیاسی گفتگو نہیں کرتیں۔

اڈیالہ جیل فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے مختلف خبریں گردش کر رہی ہیں، جن کی تصدیق کے لیے خاندان کے پاس کوئی براہ راست ذریعہ موجود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلڈ پریشر سے متعلق خبریں بھی سامنے آرہی ہیں، حالانکہ خاندان کو بتایا گیا ہے کہ عمران خان کو بلڈ پریشر کا مسئلہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ خاندان کو یہ بھی بتایا گیا کہ عمران خان کی بلڈ پریشر کی دوا کی خوراک دگنی کردی گئی، تاہم اگر انہیں بلڈ پریشر کا مسئلہ ہی نہیں تو دوا کی خوراک بڑھانے کی وجہ سمجھ نہیں آتی۔ علیمہ خان نے صحت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ خاندان ان خبروں کی تصدیق یا تردید کرنے کی پوزیشن میں نہیں کیونکہ انہیں عمران خان تک رسائی حاصل نہیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ وہ ہر ہفتے اس امید کے ساتھ آتی ہیں کہ عمران خان سے ملاقات ہوجائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مارچ سے خاندان کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ عمران خان کو ہسپتال منتقل کرکے ان کا علاج ذاتی ڈاکٹروں کی نگرانی میں کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کی تاریخ اپنی جگہ موجود ہے جبکہ 14 اگست کو ڈی چوک کی کال دی گئی ہے۔ ان کے مطابق کال دینے کا اختیار پارٹی کا ہے اور پارٹی نے اپنا فیصلہ کرلیا ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ اگر عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی گئی تو بھی وہ سیاسی گفتگو نہیں کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ان کے بھائی ہیں اور ان کا پیغام خاندان کے لیے اہم ہے، تاہم ملاقات کے معاملے کو سیاست کا حصہ نہیں بنانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ملاقاتوں کے حوالے سے ہائیکورٹ کے تین رکنی بینچ کا فیصلہ موجود ہے، اس لیے سپرنٹنڈنٹ جیل کو درخواست دینے کی ضرورت نہیں۔ پارٹی کے اندر اختلافات کے حوالے سے علیمہ خان نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک جمہوری جماعت ہے، اختلاف رائے ہونا کوئی غیر معمولی بات نہیں۔

علیمہ خان نے مزید بتایا کہ ہائیکورٹ کے ذریعے عمران خان کے لیے چار کتابیں بھیجی گئی تھیں، تاہم چاروں کتابیں واپس آگئی ہیں۔