پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں دو تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
قومی ٹیم اس وقت ویسٹ انڈیز میں موجود ہے جہاں وہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیل رہی ہے۔ پی سی بی کے مطابق اوپننگ بیٹر عبداللہ فضل انجری کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں، جس کے بعد ان کی جگہ عبداللہ شفیق کو متبادل کھلاڑی کے طور پر اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
بیٹنگ لائن اپ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سعود شکیل کو بھی اضافی متبادل کے طور پر ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر ٹیم کے پاس ایک مضبوط بیٹنگ آپشن موجود ہو۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے اختتام کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کا دورہ کرے گی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔
پی سی بی کے مطابق عبداللہ فضل کو 23 جولائی کو ٹرینیڈاڈ میں برائن لارا کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں ٹریننگ کے دوران کمر کے نچلے حصے میں انجری ہوئی تھی۔ انجری کے بعد ان کا طبی معائنہ اور ایم آر آئی اسکین کرایا گیا، جس میں مسئلے کی تصدیق ہوئی۔
ٹیم کے میڈیکل پینل نے معائنے کے بعد فیصلہ کیا کہ عبداللہ فضل کو مکمل صحت یابی کے لیے وقت درکار ہے، اسی وجہ سے انہیں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف دونوں ٹیسٹ سیریز سے باہر رکھا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






