//

ن لیگ نے فارم 47 کے ذریعے حکومت بنائی، کشمیر میں ایسا نہیں ہونے دیں گے، شرجیل میمن

کراچی (آئی این پی): پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں کشمیری عوام پاکستان پیپلز پارٹی کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں گے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کو مسترد کر دیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابی ماحول بھرپور ہے اور انہیں یقین ہے کہ عوام پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی حمایت سے محروم ہو چکی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے وفاق میں فارم 47 کے ذریعے حکومت بنائی، جبکہ پنجاب میں بھی “چور دروازے” سے اقتدار حاصل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے ووٹ کے بغیر اقتدار میں آنے والی جماعت کو کشمیری عوام بھی مسترد کر دیں گے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاق کو جوڑنے والی جماعت ہے اور ہمیشہ جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے کردار ادا کرتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں کسی بھی قسم کی مبینہ دھاندلی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کے مطابق متعدد وفاقی وزرا انتخابی مہم کے لیے آزاد کشمیر میں موجود ہیں اور انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات سندھ نے الیکشن کمیشن پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک صوبے کی وزیراعلیٰ مسلسل انتخابی اعلانات کرتی رہیں، مگر الیکشن کمیشن نے اس کا نوٹس نہیں لیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 20 کروڑ روپے مالیت کی بسیں بھیج کر کشمیری عوام کو متاثر نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن تمام امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کرے تاکہ آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات یقینی بنائے جا سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close