//

پاکستان کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی سیریز سے باہر

عبداللہ فضل انجری کے باعث ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے اوپنر عبداللہ فضل کمر کے نچلے حصے میں انجری کے باعث ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق عبداللہ فضل کو یہ انجری جمعرات کو ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ سیشن کے دوران پیش آئی، جہاں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کے مطابق ایم آر آئی اسکین اور طبی معائنے کے بعد ٹیم کے میڈیکل پینل نے عبداللہ فضل کو بحالی کے عمل سے گزرنے کا مشورہ دیا ہے، جبکہ ان کے متبادل کھلاڑی کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

23 سالہ عبداللہ فضل نے مئی میں بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور اپنے پہلے ہی میچ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کرکے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے ویسٹ انڈیز سلیکٹ الیون کے خلاف وارم اپ میچ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں اننگز میں ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے بالترتیب 50 اور 48 رنز بنائے تھے۔

عبداللہ فضل کی عدم موجودگی میں مڈل آرڈر بیٹر اویس ظفر کے ٹیسٹ ڈیبیو کے امکانات بڑھ گئے ہیں، جبکہ امام الحق کے دوبارہ اوپننگ جوڑی کا حصہ بننے کی توقع کی جا رہی ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے عبداللہ فضل کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت اور پراعتماد نوجوان کھلاڑی ہیں، ان کا ٹیم سے باہر ہونا پاکستان کے لیے بڑا نقصان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close