ایف بی آر کے ڈیجیٹل سسٹمز کی 52 گھنٹے سے زائد مینٹیننس، متعدد آن لائن ٹیکس سہولیات عارضی طور پر بند رہیں گی
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اپنے اہم ڈیجیٹل سسٹمز کی اپ گریڈیشن اور مینٹیننس کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے دوران متعدد آن لائن ٹیکس سہولیات عارضی طور پر دستیاب نہیں ہوں گی۔
ایف بی آر کے مطابق مینٹیننس کا آغاز ہفتہ 8 اگست 2026 کو رات 12 بج کر 30 منٹ پر ہوگا اور یہ عمل پیر 10 اگست 2026 کو صبح 5 بجے تک جاری رہے گا۔ اس دوران مجموعی طور پر تقریباً 52 گھنٹے 30 منٹ تک مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز متاثر رہیں گے۔
اعلامیے کے مطابق مینٹیننس کے دوران آئی آر آئی ایس (IRIS)، ڈیجیٹل انوائسنگ، پیمنٹ سسٹم، سِنکرونائزڈ ودہولڈنگ ایڈمنسٹریشن اینڈ پیمنٹ سسٹم (SWAPS) اور پی او ایس رجسٹریشن سمیت متعدد آن لائن خدمات دستیاب نہیں ہوں گی۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ اس مدت کے دوران ٹیکس ریٹرنز فائلنگ، ادائیگیوں، رجسٹریشن اور دیگر آن لائن ٹرانزیکشنز کی سہولت استعمال نہیں کی جا سکے گی۔
ٹیکس اتھارٹی نے ٹیکس دہندگان، کاروباری اداروں اور دیگر متعلقہ افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام ضروری، زیر التوا اور وقت حساس ٹیکس معاملات مینٹیننس شروع ہونے سے قبل مکمل کر لیں تاکہ کسی قسم کی مشکلات یا تاخیر سے بچا جا سکے۔
ایف بی آر نے کہا ہے کہ مینٹیننس مکمل ہونے کے بعد تمام ڈیجیٹل سہولیات فوری طور پر بحال کر دی جائیں گی، جبکہ عارضی تعطل کے باعث ہونے والی زحمت پر ٹیکس دہندگان سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






