ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب رحمان بابا ایکسپریس کی تمام بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، حادثے میں 5 مسافر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
ٹرین کراچی سے پشاور جا رہی تھی کہ ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب اس کی 15 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے میں 5 مسافر جاں بحق اور 30 زخمی ہوئے ہیں۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو نشتر اسپتال ملتان منتقل کیا گیا ہے۔ متاثرہ مسافر اپنے سامان کے ساتھ پٹری کے کنارے بیٹھے ہیں۔
ایک مسافر نے بتایا کہ حادثہ صبح سوا 5 بجے پیش آیا اور روہڑی کے قریب بوگی نمبر 9 کے نٹ بولٹ درست کیے گئے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں سے اظہار افسوس کیا اور متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔






