وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر بائیک اسکیم فیز ٹو کا آغاز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم فیز ٹو کا آغاز کردیا گیا ہے۔ پنجاب کے طلبہ کے لیے ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ کے بعد ای بائیکس بھی شروع کردی گئی ہیں۔

صرف دو دن میں پنجاب سے 4 لاکھ 32 ہزار طلبہ نے سی ایم ای بائیک سکیم میں رجسٹریشن کرائی ہے، جبکہ 2 لاکھ 65 ہزار طلبہ کی درخواستیں جمع ہونے کا عمل جاری ہے۔

سی ایم ای بائیک سکیم کے لیے ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد طلبہ کی درخواستیں پراسیس مکمل ہونے کے بعد جمع ہوگئی ہیں۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ نے بتایا کہ طلبہ سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم کے لیے 4 اکتوبر تک bikes.punjab.gov.pk پر اپلائی کرسکتے ہیں۔

سی ایم ای بائیک سکیم فیز ٹو کے لیے پنجاب کا ڈومیسائل یا شناختی کارڈ بنیادی ضرورت ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے منظور شدہ سرکاری یا نجی ڈگری کالج یا یونیورسٹی کا ریگولر طالب علم ہونا بھی ضروری ہے۔

سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم کے لیے طالب علم کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے، جبکہ اپلائی کرنے کے لیے لرنر ڈرائیونگ لائسنس یا موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس ہونا ضروری ہے۔

سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم میں ایک خاندان سے صرف ایک طالب علم کو ای بائیک ملے گی۔

عمران سکندر بلوچ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم میں طلبہ کے لیے ڈاؤن پیمنٹ معاف کردی گئی ہے۔ حکومت پنجاب سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم پر انٹرسٹ اور انشورنس بھی ادا کرے گی۔

سی ایم الیکٹرک بائیک حاصل کرنے والے طلبہ صرف 3,028 روپے ماہانہ ادا کریں گے۔ سکیم کے تحت بائیک کے ساتھ ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ بھی مفت فراہم کیا جائے گا۔

سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم میں طلبہ کو ای بائیک کے حوالے سے دو روزہ ٹریننگ دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پراسیس مکمل ہونے کے بعد چھ ہفتوں میں ای بائیک کی فراہمی کے لیے اقدامات کا حکم دے دیا ہے۔