شانگلہ: بورڈ ٹو پورن روڈ پر جاری تعمیراتی کام مبینہ طور پر ٹھیکیدار کی جانب سے زبردستی بند کیے جانے کے خلاف علاقہ مکینوں اور ٹرانسپورٹرز میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جاتا ہے، جس پر انہوں نے آج جمعہ کو پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔
علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اہم سڑک پر کام بند ہونے کے باوجود متعلقہ حکام اور انتظامیہ کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
بورڈ ٹو پورن روڈ طویل عرصے سے عوام کے لیے انتہائی اہم سفری راستہ ہے، تاہم سڑک کی تعمیر و تکمیل میں تاخیر اور موجودہ صورتحال نے مقامی آبادی، مسافروں، طلبہ، مریضوں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام رکنے سے سڑک کی حالت مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ روزانہ سفر کرنے والے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات اور اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بارہا متعلقہ اداروں اور ذمہ دار حکام کی توجہ اس مسئلے کی جانب مبذول کرائی گئی، تاہم تاحال مسئلے کا مستقل حل سامنے نہیں آیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایک ٹھیکیدار یا تعمیراتی کمپنی کسی ترقیاتی منصوبے پر کام بند کرتی ہے تو متعلقہ محکمہ اور انتظامیہ کو فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہیے۔
علاقہ مکینوں اور ٹرانسپورٹرز نے اعلان کیا ہے کہ اگر بورڈ ٹو پورن روڈ پر تعمیراتی کام فوری طور پر بحال نہ کیا گیا تو جمعہ کے روز پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔ اس سلسلے میں تمام ڈرائیوروں، ٹرانسپورٹرز اور اہل علاقہ سے ہڑتال میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔
علاقہ مکینوں نے کہا ہے کہ اب خاموش رہنے کا وقت گزر چکا ہے، اگر آج عوام اپنے بنیادی حقوق اور سہولیات کے لیے آواز نہیں اٹھائیں گے تو آئندہ بھی انہیں اسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کے مطابق احتجاج کا مقصد کسی فرد یا ادارے کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ سڑک کے تعمیراتی کام کی فوری بحالی اور عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہے۔
مظاہرین نے متعلقہ محکموں، ضلعی انتظامیہ اور منتخب سیاسی نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیں، روڈ منصوبے کی پیش رفت اور کام بند ہونے کی وجوہات عوام کے سامنے لائی جائیں اور ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ انہیں ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کی جائیں اور سرکاری وسائل سے شروع ہونے والے منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں۔
علاقہ مکینوں نے مبینہ ٹھیکیدار مافیا، غافل انتظامیہ اور نااہل سیاسی قیادت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان مشاورت سے کیا جائے گا۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اوپر سے نیچے تک پورا نظام عوام کی مشکلات کو سمجھنے سے قاصر ہے، جبکہ عوام کو مسلسل مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنے مطالبات کے حصول تک پرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
اہلیان علاقہ نے تمام ڈرائیوروں، ٹرانسپورٹرز، تاجروں اور متاثرہ شہریوں سے جمعہ کے روز احتجاج اور پہیہ جام ہڑتال میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب نہیں تو کب؟ متعلقہ حکام فوری طور پر مسئلے کا حل نکالیں، بصورت دیگر حالات کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔






