مفت الیکٹرک بائیک کیلئے یہ شرائط پوری کرنا ضروری ، جانئے تفصیل

مفت الیکٹرک بائیک حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کے لیے نئی شرائط سامنے آگئی ہیں، جن کے تحت درخواست دینے کے لیے لرنر یا مستقل موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر طلبہ کے لیے سی ایم الیکٹرک بائیک اسکیم فیز ٹو کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ای بائیکس کے لیے آن لائن پورٹل کھولے جانے کے بعد صرف دو روز میں پنجاب بھر سے 4 لاکھ 32 ہزار طلبہ رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اسکیم کے تحت 2 لاکھ 65 ہزار طلبہ کی درخواستیں جمع ہونے کے مراحل میں ہیں، جبکہ ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد طلبہ کی درخواستوں کا پراسس مکمل ہوچکا ہے۔ طلبہ 4 اکتوبر تک ای بائیک اسکیم کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

اسکیم کے تحت ڈاؤن پیمنٹ معاف کردی گئی ہے، جبکہ حکومت پنجاب طلبہ کی جانب سے انٹرسٹ اور انشورنس کی رقم بھی ادا کرے گی۔ ای بائیک حاصل کرنے والے طلبہ کو صرف 3 ہزار 28 روپے ماہانہ ادا کرنا ہوں گے۔

درخواست دینے کے لیے طالب علم کے پاس پنجاب کا ڈومیسائل یا شناختی کارڈ ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ طالب علم کا ایچ ای سی سے منظور شدہ کسی سرکاری یا نجی کالج یا یونیورسٹی میں ریگولر طالب علم ہونا لازمی ہے۔

اسکیم کے لیے عمر کی کم از کم حد 18 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ لرنر یا مستقل موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس بھی لازمی ہوگا۔ ایک خاندان سے صرف ایک طالب علم اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کا اہل ہوگا۔

حکومت کی جانب سے ای بائیک کے ساتھ ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ بھی مفت فراہم کیا جائے گا۔ طلبہ کو ای بائیک کے محفوظ استعمال کے حوالے سے دو روزہ تربیت بھی دی جائے گی۔

حکام نے ہدایت کی ہے کہ درخواستوں کا پراسس مکمل ہونے کے بعد 6 ہفتوں کے اندر طلبہ کو ای بائیکس فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔