ویمنز جونیئر ایشیا کپ 2026 کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، بھارت نے یکطرفہ مقابلے میں پاکستان کو 19-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
چین کے شہر موگی میں جاری ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں بھارتی ٹیم نے میچ کے آغاز ہی سے پاکستانی دفاع پر بھرپور دباؤ برقرار رکھا۔ بھارت کی جانب سے ساتویں منٹ میں پوجا ساہو نے پہلا گول کیا۔
بھارتی ٹیم نے پہلے ہاف میں 10 گول اسکور کیے جبکہ دوسرے ہاف میں مزید 9 گول کرکے مقابلہ 19-0 سے اپنے نام کرلیا۔
پوجا ملک نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک مکمل کی، جبکہ روشنی، ایند، سانیکا چندرکانت مانے، مدھو سدار اور سپریا نے بھی گول کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستانی ٹیم پورے میچ کے دوران بھارتی حملوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ نہ کرسکی اور کوئی گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
اس کامیابی کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھارت نے مسلسل تیسری بار ویمنز جونیئر ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے کی امید برقرار رکھی ہے۔ بھارتی ٹیم 2023 اور 2024 کے ایڈیشنز میں بھی چیمپئن رہ چکی ہے۔






