پمز آتشزدگی ، ہسپتالوں میں اہم تعیناتیوں کا فیصلہ کر لیا گیا

پمز اسپتال کی نرسری میں ہولناک آتشزدگی کے واقعے کے بعد پنجاب کے اسپتالوں میں ریسکیو سروسز کے ایمرجنسی افسران تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے صوبے کے اسپتالوں میں ٹرشری کیئر کے ایمرجنسی افسران کی تعیناتی کے لیے سیکریٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب کو مراسلہ جاری کردیا ہے۔

مراسلے کے مطابق ریسکیو سروسز کے اہل اور تجربہ کار ایمرجنسی افسران کی خدمات حاصل کی جائیں گی، جو اسپتالوں میں ہنگامی تیاریوں اور فوری ردعمل کی نگرانی کے ساتھ ایمرجنسی رسپانس نظام کو مربوط بنانے کے ذمہ دار ہوں گے۔

ایمرجنسی افسران کو واضح ذمہ داریوں اور کمانڈ سسٹم کے تحت فرائض سونپے جائیں گے۔ وہ اسپتالوں کی ایمرجنسی، سیکیورٹی اور فائر سیفٹی ٹیموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری یقینی بنائیں گے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ افسران اسپتالوں میں ہنگامی اخراج کے راستوں، آگ بجھانے کے انتظامات اور دیگر حفاظتی اقدامات کا باقاعدگی سے معائنہ کریں گے۔ اس کے علاوہ ہنگامی مشقوں کے انعقاد اور عملے کی تربیت میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔

ایمرجنسی افسران متعلقہ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کی نگرانی کریں گے۔