اپنی چھت اپنا گھر پروگرام ، بلاسود قرض حاصل کرنیوالوں سے متعلق اہم خبر

پنجاب حکومت نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت مختصر مدت میں 243 ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے فراہم کیے ہیں، جبکہ ریکارڈ تعداد میں درخواستیں موصول ہونے کے بعد رواں مالی سال میں قرضوں کی فراہمی کے اہداف کو دوگنا کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان، چیف ایگزیکٹو آفیسر اربن یونٹ عمر مسعود، بینک آف پنجاب اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں بلاسود قرضوں کی فراہمی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت زیرِ التوا ادائیگیوں کے فوری اجرا کی ہدایت کی۔

بریفنگ کے مطابق پروگرام کے تحت منظور شدہ قرضوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ اب تک 1 لاکھ 14 ہزار 237 گھر مکمل ہوچکے ہیں، جبکہ 45 ہزار 254 گھروں پر تعمیراتی کام جاری ہے۔

بلال یاسین نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا بنیادی مقصد مستحق خاندانوں کو باعزت، محفوظ اور اپنی چھت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قرضوں کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر کی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو شہریوں کی شکایات کے ازالے کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری یقینی بنائے۔

صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے مزید کہا کہ ریکارڈ تعداد میں درخواستوں کے پیش نظر رواں مالی سال کے دوران قرضوں کی فراہمی کے اہداف کو دوگنا کردیا گیا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان اپنے گھر اور اپنی چھت کے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں۔