خیبرپختونخوا حکومت نے گزشتہ سال سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آبپاشی نظام کی بحالی اور سیلاب سے بچاؤ کے منصوبوں کے لیے عالمی بینک سے قرض لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق عالمی بینک سے حاصل ہونے والا قرض گزشتہ سال سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر، خصوصاً آبپاشی نظام کی بحالی پر خرچ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سیلاب سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے بھی مختلف منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی امداد قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کم کرنے اور ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کے لیے صوبائی اور ضلعی اداروں کی استعدادِ کار بڑھانے پر بھی خرچ کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق عالمی بینک سے قرض کے حصول کے لیے درخواست دینے کی منظوری صوبائی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں حاصل کی جائے گی۔






