لندن (آئی این پی) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، جغرافیائی کشیدگی اور ایران پر امریکی دباؤ کے باعث عالمی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات نے تیل کی قیمتوں کو مزید اوپر پہنچا دیا ہے۔ حالیہ مارکیٹ رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل 94.39 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 87.06 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے برینٹ خام تیل کی قیمت میں 6 فیصد سے زائد جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی تقریباً 6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور اس کے تجارتی شراکت داروں پر امریکا کی جانب سے مزید اقتصادی پابندیوں کی دھمکی نے آنے والے ہفتوں میں تیل کی رسد محدود ہونے کے خدشات بڑھا دیے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں تیل کی ترسیل میں رکاوٹ اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی عالمی توانائی منڈی کے لیے اہم خطرہ بنی ہوئی ہے، جس کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان برقرار ہے۔






