موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

لاہور (آن لائن) پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 23 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ لاہور سمیت صوبے بھر میں بارش برسانے والا سسٹم موجود ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشیں متوقع ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سیالکوٹ میں سب سے زیادہ 87 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ مری اور نارووال میں 53، 53 ملی میٹر بارش ہوئی۔

راولپنڈی میں 21، گجرات میں 24، گوجرانوالہ میں 3، منگلا میں 7 اور اٹک میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور منڈی بہاؤالدین میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال اور اوکاڑہ میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے نے لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں اربن فلڈنگ کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔