پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ ہر صورت ہوگا، اس بار وہ خود مارچ کی قیادت کریں گے اور کارکن بھرپور تیاری کریں۔
ہنگو میں اسٹریٹ موومنٹ سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ 27 ستمبر کی تاریخ اٹل ہے، اس بار کشتیاں جلا دی ہیں، کامیابی حاصل کرکے واپس لوٹیں گے۔ انہوں نے کارکنوں سے اسلام آباد لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کی اپیل بھی کی۔
وزیراعلیٰ نے عمران خان کے علاج سے متعلق عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کے فیصلوں کو نظرانداز کیا گیا، جو آئین و قانون کی بالادستی کے خلاف ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ملک میں کمزور اور طاقتور کے لیے الگ الگ قانون نہیں ہونا چاہیے، اگر طاقتوروں کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا جاسکتا تو عدلیہ کو اس صورتحال پر غور کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومتی پالیسیوں کے باعث عوام مہنگائی اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں، صنعتکار سرمایہ بیرون ملک منتقل کر رہے ہیں جبکہ نوجوان ملک کے مستقبل کی اصل طاقت ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کارکنوں سے کہا کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کریں، پہلے اعلان کردہ 20 لاکھ کے بجائے اب 40 لاکھ افراد اسلام آباد لائے جائیں گے۔






