اسلام آباد (آئی این پی) امریکی تھنک ٹینک اسٹمسن سینٹر نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے حل کے لیے دنیا کی نظریں پاکستان، قطر اور عمان پر مرکوز ہیں۔
تھنک ٹینک کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے دباؤ کے باوجود پاکستان امریکا اور ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور قطر نے امریکا اور ایران کو جنگ بندی اور مذاکرات کی طرف واپس لانے کے لیے مشترکہ تجویز پیش کی ہے، جبکہ ایرانی وزیر داخلہ کی حالیہ اسلام آباد آمد پاکستان کی ثالثی پر تہران کے اعتماد کا مظہر ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ کی جانب سے ایرانی ہم منصب کو اسلام آباد آنے کی دعوت امن عمل جاری رکھنے کے واضح عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان دونوں فریقوں کے لیے قابلِ اعتماد ثالث کی حیثیت سے امریکا اور ایران کے درمیان رابطے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اسٹمسن سینٹر نے کہا کہ واشنگٹن کے ساتھ دفاعی روابط، تہران کے ساتھ تاریخی تعلقات اور بیجنگ سے قربت پاکستان کو ایک منفرد سفارتی حیثیت فراہم کرتی ہے۔ امریکا اور ایران دونوں کے ساتھ پاکستان کے روابط اسے تنازع کے حل کے لیے ایک منفرد ثالث بناتے ہیں۔
تھنک ٹینک نے اپنی تجزیاتی رپورٹ میں واضح کیا کہ پاکستان کی سفارتی طاقت محض ردعمل تک محدود نہیں بلکہ وہ خطے میں امن اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔






