تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولز 24 اگست سے کھولنے کا اعلان

لاہور (آئی این پی) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب کے تمام سرکاری و نجی اسکول موسم گرما کی تعطیلات کے بعد 24 اگست کو دوبارہ کھل جائیں گے۔

وزیر تعلیم نے متعلقہ حکام کو اسکول کھولنے سے قبل صفائی، سکیورٹی اور دیگر ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اسکولوں کے کلاس رومز، واش رومز، کھیل کے میدان اور دیگر مقامات کی مکمل صفائی یقینی بنائی جائے، جبکہ طلبہ کے لیے صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔

رانا سکندر حیات نے اسکولوں میں پانی کی ٹینکیوں اور چھتوں کی صفائی کے ساتھ جراثیم کش اسپرے کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مون سون کے پیش نظر اسکولوں کے نکاسی آب کے نظام کو بھی چیک کیا جائے۔

انہوں نے ڈینگی سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی اور کہا کہ مچھروں کی افزائش کے ممکنہ مقامات فوری طور پر ختم کیے جائیں۔

وزیر تعلیم نے زیر تعمیر یا مرمتی کام والے علاقوں کو طلبہ سے محفوظ رکھنے کے لیے مناسب رکاوٹیں لگانے کی ہدایت بھی کی۔ اس کے علاوہ اسکولوں میں پنکھوں، لائٹس، سوئچز، ساکٹس اور بجلی کی تاروں کی مکمل جانچ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

رانا سکندر حیات نے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں سکیورٹی حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنانے اور اسکول کھلنے سے قبل نگرانی کیمروں اور دیگر سکیورٹی آلات کو فعال کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اسکول دوبارہ کھولنے سے قبل سربراہان حتمی معائنہ کریں گے۔ غفلت، تاخیر یا حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔