اسلام آباد: دریائوں اور برساتی نالوں میں پانی کے بہائو میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا، ڈی جی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالوں میں کم سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، لاہور سمیت پنجاب کے 7 بڑے شہروں میں بھی کم سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے باغ اور کوٹلی میں اچانک سیلاب کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے ڈیموں میں پانی کے ذخیرے کی موجودہ صورتحال بھی جاری کردی۔ تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 97.94 فیصد تک پہنچ گیا جبکہ پانی کی سطح 1548 فٹ ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ سال اسی عرصے میں تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 95.98 فیصد تھا۔رپورٹ کے مطابق منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 62.99 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ سال یہ شرح 62.80 فیصد تھی۔
این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو حساس علاقوں میں وسائل اور ریسکیو ٹیمیں پیشگی منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔عوام کو ہدایت کی گئی کہ سیلابی نالوں، دریائوں اور زیرِ آب سڑکوں کو عبور کرنے سے گریز کریں جبکہ سیاح اور مسافر ندی نالوں اور دریائوں کے کناروں سے دور رہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے، اس لیے شدید بارش یا سیلابی وارننگ کی صورت میں غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز بہا ئو والے پانی کو پیدل یا گاڑی کے ذریعے عبور کرنا جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے جبکہ مون سون کے دوران برساتی نالوں میں پانی کی سطح اچانک خطرناک حد تک بڑھ سکتی ہے۔






