میٹرو بس سروسز بند کا کرنے کا اعلان

لاہور: فیول فنڈز کی عدم فراہمی پر لاہور میں میٹرو بس سروس چلانے والی نجی کمپنی نے 11 اگست سے تمام آپریشنز معطل کرنے کا اعلان کردیا۔

میٹرو بس سروس آپریٹ کرنے والی نجی کمپنی VEDA نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (پی ایم اے) کو حتمی نوٹس بھجوا دیا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مالی وسائل ختم ہوچکے ہیں اور مزید میٹرو بس آپریشن جاری رکھنا ممکن نہیں۔

کمپنی کے مطابق 29 جولائی کے عدالتی حکم پر تاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا، جس کے باعث آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

VEDA کا کہنا ہے کہ 6 اگست کو ہونے والے اجلاس میں مسئلے کے حل پر اتفاق کیا گیا تھا، تاہم پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر انتظام نہیں کیا گیا۔

کمپنی کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے فیول فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث میٹرو بس سروس چلانا مشکل ہوگیا ہے، جس کے پیش نظر 11 اگست سے لاہور میں میٹرو بس کے تمام آپریشنز معطل کرنے کا حتمی اعلان کیا گیا ہے۔