پی آئی اے کی پرواز میں ہنگامہ، متعدد مسافر گرفتار

دبئی سے اسلام آباد آنے والی قومی ایئرلائن (PIA) کی پرواز پی کے 212 آپریشنل تاخیر کے باعث شدید بدنظمی کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی حکام نے متعدد مشتعل مسافروں کو حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق خطے کی صورتحال کے پیش نظر دبئی ایئرپورٹ حکام نے تمام پروازوں کی روانگی کے درمیان 10، 10 منٹ کا وقفہ مقرر کیا تھا، جس کی وجہ سے پرواز روانگی کے لیے بالکل تیار ہونے کے باوجود تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ تاخیر کے دوران مسافروں کو جہاز کے اندر ہی کھانا فراہم کیا گیا، لیکن اس کے باوجود کچھ مسافروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بدتمیزی کی اور کاک پٹ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی۔

پرواز کے عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان مسافروں کو روکا، تاہم ایک مشتعل مسافر نے جہاز کا شیشہ توڑ دیا۔ صورتحال بے قابو ہونے پر دبئی سیکیورٹی حکام کو طلب کیا گیا جنہوں نے جہاز کا دروازہ کھلوا کر ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کو حراست میں لے لیا۔ اس واقعے کے بعد جہاز کو گراؤنڈ کر کے دیگر مسافروں اور کریو کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ پرواز آج رات 11:15 بجے دبئی سے اسلام آباد کے لیے دوبارہ روانہ کی جائے گی۔