جی ایچ کیو راولپنڈی میں چینی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی 99 ویں سالگرہ کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک چین دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ تھے، جبکہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ اور پاک فوج کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
فیلڈ مارشل اور چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پی ایل اے کو یومِ تاسیس پر مبارکباد دی اور عالمی امن و قومی ترقی میں چینی فوج کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ ہے اور دونوں ممالک کی افواج علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ اسٹریٹجک مفادات کے تحفظ کے لیے حقیقی شراکت دار ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کی تعریف کی اور تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی آل ویدر اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔






