ایران سے کیوں خفا ہیں؟ٹرمپ نے وجہ بتا دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست میری لینڈ کے مقام کیمپ ڈیوڈ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایران پر شدید تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران صرف غصہ دلاتا ہے، جھوٹ بولتا ہے اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرتا ہے، جس کے باعث اس پر عالمی اعتماد میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ صدر ٹرمپ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران پر سخت حملے جاری رکھے گا اور ایک وقت آئے گا جب ایران خود کہے گا کہ وہ مزید اس صورتِ حال کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔

اس موقع پر امریکی وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ دنیا بھر میں ایران کے اثاثوں کی تلاش جاری ہے، جنہیں برآمد کر کے ایرانی عوام اور ماضی میں متاثر ہونے والے امریکی شہریوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس، بشمول ‘وال اسٹریٹ جنرل’ اور ‘سی بی ایس نیوز’ نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ایران کے خلاف نئے حملوں کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکا اور اسرائیل مل کر اسی ہفتے کے آخر میں ایران کے بجلی گھروں اور آئل ریفائنریوں سمیت اہم توانائی تنصیبات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔