شہدا سے متعلق مولانا کا بیان ناقابلِ فہم، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی (آئی این پی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ شہدا کے بارے میں مولانا نے جو بات کہی، وہ ناقابلِ فہم ہے۔

راولپنڈی میں پریس بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن غضب للحق جاری ہے اور جاری رہے گا، جبکہ اس آپریشن کا واحد مقصد دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان طالبان دہشت گردوں کو سپورٹ کر رہے ہیں اور پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی کی رپورٹ میں تمام ذرائع افغان حکومت کا حوالہ دے رہے ہیں، جبکہ ایمنسٹی افغان طالبان کی جھوٹی گواہی پر رپورٹ تیار کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم ہارڈ اسٹیٹ نہیں ہیں۔ ہارڈ اسٹیٹ کا مطلب ایسی ریاست ہے جہاں آئین اور قانون سب کے لیے یکساں ہو اور تمام معاملات آئین و قانون کے مطابق چلائے جائیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جہاں ایلیٹ ازم (Elitism) نہ ہو، اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ریاست فوج کے زیر انتظام ہو یا مسلح افواج کا غلبہ ہو۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہارڈ اسٹیٹ کی تشریح غلط انداز میں کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جہاں آئین اور قانون سب کے لیے برابر ہو، وہی ہارڈ اسٹیٹ ہوتی ہے، ایسی ریاست میں سیکیورٹی، استحکام اور انصاف ہوتا ہے اور وہاں شکایات کی گنجائش نہیں رہتی۔