کشمیر ریاست کا سب سے لاڈلا بچہ اور پاکستان کی شہ رگ ہے، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری

راولپنڈی (آئی این پی) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیر ریاست کا سب سے لاڈلا بچہ ہے اور یہ پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو سمجھنے کے لیے بنیادی حقائق کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

راولپنڈی میں پریس بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیریوں نے کرنا ہے۔ جب ان سے الحاق کا سوال ہوگا تو کشمیری ہر حال میں پاکستان کے ساتھ الحاق کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ثقافتی اور مذہبی ہم آہنگی کی وجہ سے نہیں، بلکہ اس لیے بھی ہے کہ انہوں نے بھارتی ظلم دیکھا ہے اور پاکستان کے پیچھے اپنے آباؤ اجداد کی قبریں چھوڑ کر آئے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تقریباً 10 لاکھ سیکیورٹی اہلکار تعینات کر رکھے ہیں۔ ایک گاؤں سے دوسرے گاؤں جانے کے لیے این او سی درکار ہوتی ہے اور لوگوں کو جب چاہے گھروں سے اٹھا لیا جاتا ہے، لیکن اس کے باوجود کشمیریوں کے دلوں میں پاکستان سے وابستگی کا جذبہ ختم نہیں کیا جا سکا۔

انہوں نے کہا کہ اس جذبے کو ختم نہ کر سکنے کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مسلمانوں کو خریدنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں، سکھوں، اقلیتوں اور وہاں کی عدالتوں سے پوچھا جائے تو وہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لے آئیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرٹیکل 35 اے اور 370 جیسے اقدامات بھی کشمیر میں پاکستان کے حق میں موجود جذبے کو ختم نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے یہ محسوس کیا کہ جو وہ مقبوضہ کشمیر میں حاصل نہیں کر سکا، اور پہلگام کے واقعے کے بعد بھی مئی میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اس کے بعد اس نے پاکستان کے حصے میں آگ لگانے کی کوشش کا نیا راستہ اختیار کیا۔