//

بجلی چوری کی روک تھام کے لیے نیا اقدام، ٹرانسفارمرز پر سکیننگ میٹرز نصب

لاہور (آئی این پی): لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی چوری کی مؤثر روک تھام کے لیے ٹرانسفارمرز پر سکیننگ میٹرز کی تنصیب کا عمل شروع کر دیا ہے۔

لیسکو نے زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں سکیننگ میٹرز نصب کرنے کے اہداف مقرر کرتے ہوئے متعلقہ دفاتر کو ہدایت کی ہے کہ رواں ماہ کے دوران یہ کام مکمل کیا جائے۔

کمپنی کے مطابق شہر سمیت مختلف علاقوں میں ایسے ٹرانسفارمرز کی نشاندہی کی جا رہی ہے جہاں بجلی چوری یا لائن لاسز زیادہ ہیں، اور وہاں جدید سکیننگ میٹرز نصب کیے جا رہے ہیں۔

لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ سکیننگ میٹرز کے ذریعے ٹرانسفارمر سے منسلک تمام کنکشنز کے استعمال شدہ یونٹس کا موازنہ مجموعی ریڈنگ سے کیا جائے گا، جس سے بجلی چوری کی فوری نشاندہی ممکن ہو سکے گی۔

حکام کے مطابق اگر سکیننگ میٹر کی ریڈنگ صارفین کے مجموعی یونٹس سے زیادہ ہو تو بجلی چوری کا سراغ لگایا جا سکے گا، جبکہ اس نظام کے ذریعے ٹرانسفارمرز سے منسلک تمام کنکشنز کی مسلسل نگرانی بھی یقینی بنائی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close