زلزلہ متاثرین کو فوری امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے، وزیرِ اعلیٰ

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جامع جائزہ لیا جا رہا ہے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل کنگری سمیت زلزلہ متاثرہ علاقوں کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ حکومت بلوچستان ہر متاثرہ شہری کی بحالی تک ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریلیف، بحالی اور تعمیرِ نو کے تمام اقدامات شفاف، تیز رفتار اور مؤثر انداز میں جاری رکھے جائیں گے تاکہ متاثرہ افراد کو جلد از جلد معمول کی زندگی کی طرف واپس لایا جا سکے۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں 19 افراد زخمی جبکہ 125 مکانات متاثر ہوئے ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے بھی متعلقہ اداروں کو ہدایت کی تھی کہ زلزلہ متاثرین کو ہر ممکن ریلیف اور امداد فراہم کی جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close