اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ سیشن کے دوران مختلف محکموں کے افسران اور ملازمین کے لیے 6 بنیادی تنخواہوں کے برابر خصوصی بونس دینے کا اعلان کر دیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں بجٹ سیشن کے دوران وزیر خزانہ نے بجٹ کی تیاری اور منظوری کے عمل میں دن رات خدمات انجام دینے والے افسران اور ملازمین کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے بجٹ کے عمل کو کامیابی سے مکمل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ بجٹ کی منظوری کا مرحلہ باقاعدہ مکمل ہو چکا ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاقی حکومت کی آڈٹ رپورٹس متعلقہ مالی سال کے اندر ہی پارلیمنٹ میں پیش کر دی گئی ہیں، جو ایک اہم ریکارڈ ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ کے ذریعے عوام، تنخواہ دار طبقے اور تاجر برادری کو ریلیف فراہم کرنے پر حکومتی معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، فنانس سیکرٹری اور چیئرمین ایف بی آر کی خدمات کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے عام شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے دن رات کام کیا ہے اور امید ظاہر کی کہ معاشی استحکام کے ثمرات جلد معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچیں گے۔
حکومتی معاشی ٹیم نے مسلسل تعاون اور رہنمائی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی معاشی بحالی اور پائیدار ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






