پشاور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے میثاق جمہوریت کی بات کی ہے تو آئیں آگے بڑھیں، آج پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان جو کشیدگی نظر آرہی ہے وہ ماضی میں کبھی نہیں تھی۔ عمران خان کو باہر آنے دیں، اگر آج ایک شخص کی وجہ سے ملک میں تناؤ ہے تو اسے باہر نکالیں۔
پیر کو قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور بے نظیر کے درمیان کیا تناؤ نہیں رہا، کیا ان کے درمیان صلح نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی ہمارے اپوزیشن لیڈر ہیں، اچکزئی نے مجھ سے ووٹ نہیں مانگا۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ میثاق جمہوریت پر دستخط بے نظیر اور نواز شریف نے کیے تھے، اس میں یہ طے نہیں ہوا تھا کہ ایک دوسرے کی حکومتیں نہیں گرائیں گے۔ میں آج بھی کہتا ہوں کہ عمران خان کو باہر آنے دیں، اگر آج ایک شخص کی وجہ سے ملک میں تناؤ ہے تو اسے باہر نکالیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مجھے کہا جاتا ہے کہ آپ تو عمران خان کے خلاف تھے، اب اس کی رہائی کے مطالبات کیوں کر رہے ہیں؟ میں کہتا ہوں کہ مخالف اگر جیل میں ہاتھ پاؤں بندھا پڑا ہو تو اس کے خلاف بات مناسب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے میثاق جمہوریت کی بات کی ہے تو آئیں آگے بڑھیں، آپ ان کیمرہ اجلاس بلائیں اگر آپ کو خدشہ ہے کہ پی ٹی آئی والے ہنگامہ کریں گے۔ میں پی ٹی آئی والوں کی ضمانت دیتا ہوں کہ وہ کچھ نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر میں اور پی ٹی آئی اتنی مخالفت کے باوجود بہتری کی طرف سفر کرسکتے ہیں تو آپ بھی اپنے ہمسائے کے ساتھ بات چیت کی طرف بڑھیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






