موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند، ہائی الرٹ

پشاور: خیبرپختونخوا پولیس نے 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران صوبے کے حساس علاقوں میں جزوی موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کی سفارش کرتے ہوئے محکمہ داخلہ کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے خیبرپختونخوا پولیس نے اپنی سکیورٹی ہوم ورک رپورٹ مکمل کر لی ہے۔ آئی جی خیبرپختونخوا کی ہدایت پر تیار کی گئی رپورٹ میں صوبے کے متعدد اضلاع کو ہائی الرٹ قرار دیتے ہوئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کی سفارش کی گئی ہے۔

پولیس رپورٹ میں پشاور، کوہاٹ، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں، لکی مروت اور ضلع کرم کو حساس ترین اضلاع قرار دیا گیا ہے، جبکہ مزید 6 اضلاع کو حساس کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے جہاں مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی مزید سخت ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق محرم کے جلوسوں اور مجالس کی حفاظت کے لیے صوبے کے 14 اضلاع میں 43 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔ حساس اضلاع میں پولیس کی معاونت کے لیے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کی پلاٹونز تعینات کی جائیں گی، جبکہ ہنگامی صورتحال میں پاک فوج کا تعاون بھی حاصل ہوگا۔

سکیورٹی پلان کے تحت حساس اور حساس ترین اضلاع میں ماتمی جلوسوں کے روٹس کی ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کے ذریعے فضائی نگرانی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ غیر مجاز فضائی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے جدید اینٹی ڈرون سسٹم بھی فعال رکھا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ماتمی کمیٹیوں اور علمائے کرام کے تعاون سے ضابطۂ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close