پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ایک بار پھر رات کے وقت خفیہ طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اس حوالے سے اہلخانہ اور ذاتی معالجین کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
اپنے بیان میں شفیع جان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر حکومت کا رویہ شفاف نہیں اور عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شام کے بعد کسی قیدی کو جیل سے باہر منتقل کرنا جیل مینوئل کی کھلی خلاف ورزی ہے، اس لیے حکومت کو اس اقدام کی وضاحت کرنی چاہیے۔ ان کا سوال تھا کہ اگر طبی معائنے یا علاج کی ضرورت تھی تو اہلخانہ اور معالجین کو اعتماد میں کیوں نہیں لیا گیا۔
وزیر اطلاعات نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق تمام معلومات شفاف انداز میں عوام اور اہلخانہ کے سامنے لائی جائیں۔
شفیع جان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ان کے اہلخانہ کے مطالبے کے مطابق الشفا ہسپتال منتقل کیا جائے تاکہ علاج اور طبی معائنے سے متعلق موجود خدشات دور کیے جا سکیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






